ڈینگی بارے احتیاطی تدابیر کا جائزہ لینے کیلئے اے ڈی سی اٹک کی زیر صدارت اجلاس

بدھ 27 مئی 2015 16:48

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کا جائزہ لینے کے لیے اے ڈی سی اٹک کنزہ مرتضیٰ کی زیر صدارت اجلاس اے ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔اے ڈی سی اٹک نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات کررہی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔اجلاس میں ڈی او ہیلتھ اٹک ڈاکٹر ملک عبادت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع اٹک میں اس وقت تک ڈینگی کا کوئی مریض نہیں ہے۔

ڈینگی کے خلاف تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ گزشتہ سال کے دوران زیادہ حساس علاقوں پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ ان علاقوں کے عوام کو ڈینگی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھیں۔

(جاری ہے)

گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ پوری آستینوں کے لباس پہنیں، مچھروں سے تحفظ کے لیے اپنے اپنے گھروں میں سپرے کریں ۔

مچھر مار میٹ اور کوائل استعمال کریں اور بخار ہونے کی صورت میں سرکاری ہسپتالوں سے رجوع کریں جہاں ڈینگی کی تشخیص اور علاج کی تمام تر سہولیات موجود ہیں۔ اس موقع پر ضلع بھر میں ڈینگی کے تدارک کے لیے مختلف منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ٹائر شاپس اور سروس سٹیشنز کا خصوصی معائینہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی اور کہا گیاکہ جن ورکشاپس اور سٹیشنز پر پانی کی نکاسی پر توجہ نہیں دی جارہی ان کو جرمانہ کیا جائے اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والی شاپس اور سٹیشنز کو سیل کردیا جائے۔ اجلاس میں محکمہ ماحولیات، زراعت، سیکریٹری آر ٹی اے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔