وکلاء اور پولیس کی محاز آرائی سے ملک دشمن عناصر اور دہشت گرد فائدہ اُٹھا ئینگے،میاں جمشید الدین کا کا خیل

میاں برادران کی طرز سیاست و حکمرانی نے پاکستان کے 18کروڑ عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا،وزیرایکسائز خیبرپختونخوا

بدھ 27 مئی 2015 16:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و ضلعی صدر پی ٹی آئی نوشہرہ میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ وکلاء اور پولیس کی محاز آرائی سے ملک دشمن عناصر اور دہشت گرد فائدہ اُٹھا ئیں گے یہ ملک کی بد قسمتی ہے کہ میاں برادران کی طرز سیاست و حکمرانی نے پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

انہوں اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ کے عدم موجودگی میں دوست ممالک کیساتھ سفارتی تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا جبکہ دوسری طرف اپنے ہی وزیر داخلہ کو اہم معاملات میں بائی پاس کررہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق ڈسکہ واقعہ کا نوٹس لے اور فوری قانونی کاروائی کے احکامات جاری کرے ۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ نے بر بریت کی انتہا کر دی اور ماڈل ٹاون واقعے کی یا د تازہ کر دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئے دن اس قسم کے واقعات میاں برادران کی حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں کیونکہ وہ ذاتی و سیاسی مفادات قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت اندرونی خلفشار کا شکار ہے اور عدم تعاون کی وجہ سے وزراء ایکدوسرے کو برداشت نہیں کرتے ۔جس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ اُن کا اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ سیاسی سلوک کیسا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنے انقلابی منشور کی بدولت تمام ادارں کو مستحکم کرنا چاہتی ہے تا کہ صوبے کی ترقی کی رفتارکو مزید تیز کیا جائے انہوں نے وفاق سے خیبر پختونخوا کے ساتھ امتیازی سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وفاق پنچاب کی تعمیر و ترقی کیلئے 50فیصد اور خیبر پختونخوا کیلئے 20 فیصد فنڈ دیتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :