پاکستان عوامی فلاح وبہود چاہتا ہے تو ہمارے معاملات میں مداخلت کرنا بند کردے ،بھارت کا انتباہ

بدھ 27 مئی 2015 16:31

پاکستان عوامی فلاح وبہود چاہتا ہے تو ہمارے معاملات میں مداخلت کرنا ..

نئی دہلی/ جموں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء ) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ اگرپاکستان اپنی فلاح وبہبود چاہتا ہے تو وہ بھارت کے معاملات میں مداخلت کرنا بند کردے ،جو بھی بھارت کی سالمیت ،خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا،ہمیں اپنی فورسز پر پورا بھروسہ ہے، بھارت نے ہمیشہ پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا ہے لیکن پاکستان نے ہمیشہ پیٹ پیچھے وار کیا ہے ، پاکستان کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس نے کبھی بھی بھارت کے اقدامات کا مثبت جواب نہیں دیا۔

بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق جموں میں بی جے پی حکومت کی ایک سالہ کامیابیوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان اگر اپنی فلاح وبہبود چاہتا ہے تو وہ دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کرنا بند کردے،پاکستان کو بھارت کے خلاف اپنی مذموم سرگرمیو ں کو روکنا ہوگا۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر داخلہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ جو بھی بھارت کی سالمیت ،خودمختاری کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں انھیں منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔

ہمیں اپنی فوج ،نیم فوجی دستوں اور سیکورٹی فورسز پر پورا بھروسہ ہے ،ملک کیلئے انکی محبت اور سالمیت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جاسکتا۔سنگھ نے کہاکہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا ہے لیکن پاکستان نے ہمیشہ پیٹ پیچھے وار کیا ہے ۔انھوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا تھا لیکن پاکستان نے پیٹ میں چھر ا گھونپا۔وزیراعظم نریندرمودی نے جب ایک سال قبل حلف اٹھایا تو انھوں نے پاکستانی وزیراعظم سمیت دیگر ممالک کے سربرہان کو دعوت دی تھی ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس نے کبھی بھی بھارت کے اقدامات کا مثبت جواب نہیں دیا۔

متعلقہ عنوان :