کاشتکارمتصل کھیتوں سے کیمیائی مادے اپنے کھیت میں جذب نہ ہونے دیں،محکمہ زراعت

بدھ 27 مئی 2015 14:46

فیصل آباد ۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) محکمہ زراعت نے کہاہے کہ کاشتکار آرگینک فارم میں متصل کھیتوں سے کوئی کیمیائی مادے جذب نہ ہونے دیں کیونکہ مذکورہ مادوں کے جذب ہونے سے آرگینک فارمنگ اپنی افادیت کھوبیٹھتی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ آرگینک فارمنگ ایسا طریقہ کاشت کاری ہے جس میں مصنوعی کیمیائی کھادوں ، زرعی زہروں اور دیگر کیمیائی مادوں کا استعمال بالکل نہیں کیاجاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اس طریقہ کاشت میں زمین کی ذرخیزی کو بحال کرنے کیلئے فصلوں کا ادل بدل ، فصلات کی باقیات ، گوبر کی گلی سڑی کھاد ، پریس مڈ اور سبز کھادوں پر انحصار کیاجاتاہے جس سے خالص ، معیاری ، انتہائی ذائقے دار اور عمدہ خوراک حاصل ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیابھرمیں مذکورہ طریقہ کاشت تیزی سے فروغ پارہاہے جس سے انسانی امراض اور بڑھتی ہوئی بیماریوں سے بھی نجات حاصل ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس طریقہ کاشت سے جہاں مہلک اثرات سے پاک زرعی اجناس حاصل کرسکتے ہیں وہیں انہیں مقامی اور عالمی منڈیوں میں اجناس و سبزیات کی فروخت سے عام فصلات کی نسبت کہیں زیادہ دام بھی مل سکتے ہیں۔