تھیلیسیمیا کے مریضوں کی دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات کی تھیلیسیمیا سینٹر کے انفارمیشن ڈیسک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو

بدھ 27 مئی 2015 14:45

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات محمد اعظم نے کہا ہے کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کی دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور مخیر حضرات کا تعاون وقت کا اولین تقاضا ہے تاکہ اس مہلک مرض سے متاثرہ بچوں کو محفوظ بنا کر صحت معاشرہ کی تشکیل کی جا سکے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو ایف نائن پارک اسلام آباد میں تھیلیسیمیا سینٹر کے انفارمیشن ڈیسک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہی۔ انفارمیشن سینٹر کا افتتاح پاکستان بیت المال کے چیئرمین بیرسٹر عابد وحید شیخ اور وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات محمد اعظم نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے چیئرمین عابد وحید شیخ نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون کی اشد ضرورت ہوتی ہے اس لئے خون کے عطیات دینے کے حوالے سے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ مریضوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کی جا سکے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے بعد پاکستان بیت المال کے چیئرمین وحید احمد شیخ اور وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات محمد اعظم نے تھیلیسیمیا سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور سینٹر میں جدید سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے میڈیا پرسن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج کے لئے ٹیلیفون نمبر 051-9230827-9230837 اور ای میل ایڈریس [email protected] اور [email protected] پر رابطہ کریں۔