خیبرپختون خوا حکومت کا ایک لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن کا اعلان ڈھونگ ہے،رانا بابرحسین

بدھ 27 مئی 2015 14:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی مخالفت میں اتنے آگے نہ نکل جائیں عوام ان کے خلاف سڑکوں پرنکل آئیں ،خیبرپختون خوا حکومت کا ایک لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن کا اعلان ڈھونگ ہے ،عمران خان ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیدا نہ کریں،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مشن ہے -آئندہ تین برسوں میں عوامی خدمت کے مشن کو تحریک کی صورت میں آگے بڑھائیں گے جبکہ تحریک انصاف خیبرپختون خواہ میں عوام کے حقوق پاؤں تلے کچل رہی ہے - انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم پنجاب کے محروم معیشت طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھ رہا ہے -غریب اور بے سہارا افراد کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے اربوں روپے کے وسائل صرف کئے جا رہے ہیں ۔