سید طارق فاطمی سے افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی کی ملاقات

بدھ 27 مئی 2015 13:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) پاکستان نے افغانستان میں امن ،استحکام اور افغانیوں کی قیادت میں ہونیوالے مفاہمتی عمل کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، دفاع وسلامتی ، بارڈر مینجمنٹ میں بہتری سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ممالک نے خطے کی سماجی ، اقتصادی ترقی اور امن کیلئے افغانستان میں امن اور سیکیورٹی کیلئے مل کر کام کرنے پرآمادگی کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی سے افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ طارق فاطمی نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک سیاسی مکالمہ، تجارت، دفاع وسلامتی ، بارڈر مینجمنٹ میں بہتری اور افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے علاوہ انسداد منشیات ، انفراسٹرکچرجیسے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے تعمیری انداز میں روابط رکھے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امن اور استحکام کیلئے افغانستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کیلئے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان افغانیوں کی قیادت میں ہونیوالے مفاہمتی عمل کی حمایت کریگا، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کو افغانستان میں امن ، استحکام اور سیکیورٹی کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے جو خطے کی سماجی ، اقتصادی ترقی اور امن کیلئے نہایت اہم ہے۔ افغان نائب وزیر خارجہ نے اپنے ملک میں تعمیر نو ، بحالی ، امن اور سیکیورٹی کے شعبوں میں پاکستانی تعاون کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :