لاہور ہائیکورٹ نے مناواں دہشت گردی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ہجرت اللہ کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 27 مئی 2015 13:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ملزم ہجرت اللہ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے ہجرت اللہ کو وقوعہ کی جگہ سے گزرنے پر بغیر کسی ثبوت اور شواہد کے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے حقیقی گواہوں اور ثبوتوں کی عدم موجودگی کے باوجود دس سال کی سزا سنا دی لہذا عدالت ٹرائل کورٹ کی سزا کو کالعدم قرار دے۔

سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم ہجرت اللہ کو مناواں کے مقام پر دہشت گردی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔دہشت گردی کے اس واقعہ میں درجنوں پولیس اہلکار زخمی اور کئی اہلکار شہید ہوئے ۔جس پر عدالت نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ملزم کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی