کراچی: پو لیس موبائل پر فائرنگ، سب انسپکٹر سمیت3 اہلکارجاں بحق

بدھ 27 مئی 2015 11:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) کراچی میں عزیزاّباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت 3 پولیس اہلکارجاں بحق ہو گئے ہیں۔پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عزیز آباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ میں رات کی ڈیوٹی پر معمورعزیز آباد تھانے کی پولیس موبائل پر اچانک فائرنگ کردی ، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس موبائیل میں موجود 3 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے ، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق ہو نیوالے اہلکاروں کی شناخت سب انسپکٹر سکندرکانسٹیبل،عابد اور اشرف کے نام سے ہو ئی ہے ، پولیس واقع کی تفتیش کر رہی ہے۔

دوسری جانب ایس پی لیاقت آباد طاہر نورانی کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر ان کا پیچھا کیا تو ملزمان سے مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔واضح رہے کہ رواں برس ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اب تک 49 پولیس افسران و اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں ۔

ادھر کراچی کے علاقے رانگی واڑہ میں دستی بم حملے میں 4افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے،جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :