پہلا ون ڈے ، پاکستان نے زمبابوے کو 41 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی

بدھ 27 مئی 2015 00:40

پہلا ون ڈے ، پاکستان نے زمبابوے کو 41 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2015ء) پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد پہلے ایک روزہ میچ میں بھی زمبابوے کو41رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ‘ پاکستان کی جانب سے ابتدائی 5 بلے بازو ں کی عمدہ بیٹنگ‘ شعیب ملک 112‘حارث سہیل 89‘ محمد حفیظ 86اور کپتان اظہر علی نے 79 رنز کی اننگز کھیلی ‘ پاکستان کی جانب سے جیت کیلئے دئیے گئے 376 رنز کے ہدف کے جواب میں زمبابوین ٹیم 334بنا سکی‘ شاندار بیٹنگ پر شعیب ملک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بلے باز نے اسے درست ثابت کردکھاتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 375 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اوپننگ بلے بازمحمد حفیظ اورکپتان اظہرعلی کے درمیان 170 اور شعیب ملک اور حارث سہیل نے 201 رنز کی شراکت قائم کرکے ہوم گراوٴنڈ میں کسی بھی غیرملکی ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ مجموعی اسکور بنانے کا بھی ریکارڈ قائم کردیا۔

اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اورکپتان اظہرعلی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 170 رنز جوڑے جس کے بعد اظہرعلی باوٴنڈری لگاتے ہوئے پینگارا کی گیند پرکیچ دے بیٹھے، انہوں نے 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 76 گیندوں پر 79 رنز بنائے جس کے بعد محمد حفیظ بھی 175 کے مجموعے پر چلتے بنے جو4 چھکوں اور8 چوکوں کی مدد سے 86 رنزبنا سکے۔تیسری وکٹ کی شراکت میں شعیب ملک اورحارث سہیل نے ذمہ دارانہ اندازمیں بیٹنگ کرتے ہوئے گراوٴنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اورمیچ کی آخری گیند پرشعیب ملک کیچ آوٴٹ ہوئے جنہوں نے 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 76 گیندوں پر112 رنزبنائے جب کہ حارث سہیل 89 رنز کے ساتھ ناٹ آوٴٹ رہے۔

زمبابوے کے ابتدائی 2 بلے باز 65 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے تاہم اس کے بعد مسکڈزا اور چگمبورا کے درمیان 124 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ مسکڈزا 73 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر آؤ ٹ ہو گئے اس کے بعدولیمز کھیلنے کیلئے آئے اور چگمبورا کا ساتھ دیا ۔ جب مقررہ 50 اوور ختم ہوئے تو زمبابوے نے5 وکٹوں کے نقصان پر334 رنز بنائے تھے یوں پاکستان نے پہلے ون ڈے میں41 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :