قرآن ساری انسانیت کی ہدایت کیلئے ہے‘اُمت مسلمہ قرآن سے دُوری کی وجہ سے آج ذلت اور پستی کا شکار ہے‘قرآن کا راستہ ہی ترقی ٗ امن اور خوشحالی کا راستہ ہے

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم کادرس قرآن کے خصوصی پرو گرا م سے خطاب

منگل 26 مئی 2015 22:37

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم نے کہاکہ قرآن ساری انسانیت کی ہدایت کے لئے ہے۔اُمت مسلمہ قرآن سے دُوری کی وجہ سے آج ذلت اور پستی کا شکار ہے۔قرآن کا راستہ ہی ترقی ٗ امن اور خوشحالی کا راستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز راولپنڈی پریس کلب میں جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے درس قرآن کے ایک خصوصی پرو گرا م سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر امیر ضلع راولپنڈ ی شمس الرحمان سواتی اورجنرل سیکرٹری راجہ محمد جواد نے بھی اظہار خیال کیا۔ راشد نسیم نے کہا کہ درس قرآن کی یہ محفل ایک مثبت سرگرمی اور کار ثواب بھی ہے۔آج نت نئی ایجادات اور جدید ذرائع معلو مات کی وجہ سے دنیا ایک دوسرے کے قریب تر آگئی ہے۔

(جاری ہے)

ایسے حالات میں دنیا نے یہ سمجھ لیا تھا کہ لوگ قرآن کو بھول جائیں گے۔

ساڑھے چودہ سو سال پہلے نازل ہونے والے قرآن کی تلاوت ٗ ترجمہ اورتفسیرترقی کے گردو غبار میں دب جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف پاکستان میں 70 لاکھ حفاظ کرام موجود ہیں اور ان میں ہر سال دس لاکھ کا اضافہ ہو رہا ہے۔یہ قرآن کا زندہ معجزہ ہے۔ لوگوں کی قرآن سے محبت اور عقید ت دن بدن بڑھ رہی ہے۔مادہ پرستی کے اس دور میں بھی بہت بڑی تعداد میں مسلمان والدین اپنے بچوں کو حافظ قرآن بنانا دنیااور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔

جب تک مسلما ن اﷲ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت و فرمانبرداری کو اولیت دیتے رہے ٗ تو دُنیا میں حکمرا نی کرتے رہے۔افسوس کہ عالمی استعمار نے امت مسلمہ کوفرقوں اور گروہوں میں تقسیم کر دیا ہے۔راشد نسیم نے کہا کہ رمضان المبا ر ک کی آمد آمد ہے۔ان شا اﷲ ہر بستی کا ماحول اسلامی ہو گا۔مسجد یں تنگ دامانی کا شکوہ کرتی نظر آئیں گی۔قرآن کی تلاوت کی ایک بہار ہو گی۔اگر اس کے ساتھ ساتھ مسلمان قرآن کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بھی بنا لیں تو بہت بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔قرآن ہی مسائل کی کنجی ہے۔

متعلقہ عنوان :