ڈینگی پر قابو پانے کیلئے کمیونٹی کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے ‘پنجاب میں سعودی عرب سے 3، کراچی سے 2 اور مقامی طور پر ایک مریض رپورٹ ہوا‘مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق

منگل 26 مئی 2015 22:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی پر مکمل کنٹرول کے لئے کمیونٹی کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے ، ڈینگی گھریلو مچھر ہے جوگھروں کے اندر صاف پانی پر پلتا ہے لہذا لوگ اپنے گھروں کے اندر ڈینگی کی افزائش گاہیں ختم کریں اور مچھر کو پروان نہ چڑھنے دیں-انہوں نے یہ بات یہاں ماڈل ٹاؤن میں ایک معروف ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے زیر اہتمام ڈینگی کے بارے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی- خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اس وقت صوبے میں ڈینگی مکمل طور پر قابو میں ہے اور پنجاب میں سعودی عرب سے آنے والے ڈینگی کے تین ، کراچی سے دو مریض رپورٹ ہوئے تھے جبکہ مقامی طور پر صرف ایک خاتون مریضہ قلعہ دیدار سنگھ گوجرانوالہ سے رپورٹ ہوئی تھی جو تمام صحت یاب ہو چکے ہیں اور اس وقت کسی ہسپتال میں ڈینگی کا کوئی مریض زیر علاج نہیں ہے - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومتی اداروں کی مشترکہ کوششیں اور عملی اقدامات جاری ہیں تا کہ آنے والے موسم برسات اور اس کے بعد کے سیزن میں ڈینگی کی افزائش کو ابھی سے روکا جا سکے -خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ماہرین نے ڈینگی کے خاتمہ کے لئے فوگنگ اور سپرے کی اجازت نہیں دی ہے اور صرف اسی جگہ پر کیس رسپانس کے طور محدود پیمانے پر فوگنگ یا سپرے کیا جاتا ہے جہاں سے ڈینگی کا مشتبہ یا کنفرم مریض رپورٹ ہوتا ہے - انہوں نے کہا کہ بلا ضرورت سپرے اور فوگنگ نہ صرف انسانی صحت اور ماحول کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے مچھر میں بھی قوت مدافعت پیدا ہو جاتی ہے - انہوں نے ڈینگی آگاہی سیمینار کے انعقاد پر ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کا تقاضا ہے کہ دیگر بڑے بڑے تجارتی ادارے بھی میدان میں آئیں اور کمیونٹی میں آگاہی پیدا کرنے میں تعاون کریں-انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمے پوری طرح الرٹ ہیں ، عوام گھروں کے اندر الرٹ رہیں اور ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکیں -قبل ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ حکومت نے انسداد ڈینگی کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں اور تمام محکموں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ڈینگی کا مرض پنجاب میں پوری طرح قابو میں ہے - انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے لئے ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بھی بنا دیئے گئے ہیں تا کہ ضرورت پڑنے پر ڈینگی کے مریضوں کا موثر طور پر علاج معالجہ کیا جا سکے - انہوں نے بتایا کہ ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کے ماہرین نے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز، نرسز کے علاوہ نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور جنرل پریکٹیشنرز کو بھی ڈینگی کلینیکل مینجمنٹ کی تربیت فراہم کی ہے یہی وجہ ہے کہ آج پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کا کامیابی سے علاج کیا جاتا ہے - سیمینار سے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے نمائندوں پرویز اختر اور ایاز طوسی نے بھی خطاب کیا اور ادارے کی جانب سے ڈینگی آگاہی کے سلسلہ میں اقدامات پر روشنی ڈالی