سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کسٹم ڈیوٹی کو کم کیا جائے ‘ناصر حمید خاں

منگل 26 مئی 2015 22:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء)ممبرفیڈریشن آف چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری و پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(پاسپیڈا) کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ناصر حمیدخاں چیئرمین اینٹی سمگلنگ کمیٹی وفاقی ایوان ہائے تجارت نے کہا ہے کہ کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ کی وجہ سے سمگلنگ کا کاروبار زور پکڑ رہا ہے جس کے باعث ایماندار تاجر پریشان ہیں ۔

کسٹمز ڈیوٹی میں اضافہ سے الیکٹرانک اشیاء کا کاروبار متاثر ہورہا ہے الیکٹرانک اشیاء پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح میں 200فیصد اضافہ ہوگیا ہے جس سے ملک میں جائز طریقہ سے درآمدات کو دھچکا لگا ہے اور سمگلنگ کا کاروبار فروغ پارہا ہے جس سے امپورٹرز اور مارکیٹوں کا کاروبار متاثر ہورہا ہے،۔

(جاری ہے)

ناصر حمید خاں نے کہا کہ دنیا بھر میں بیرون ملک سے آنے والی اشیاء پر کسٹمز ڈیوٹی کم ہوتی ہے تاکہ سمگلر اور سمگلنگ ذرائع کی حوصلہ شکنی ہوسکے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں اس کے برعکس ہے اس لیے حکومت فوری طور پر کسٹمز ڈیوٹی میں کمی کرے تاکہ سمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہو اور جائز طریقہ سے اشیاء ڈیوٹی ادا کرکے پاکستان کی مارکیٹوں میں لائی جاسکے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں کسٹم ڈیوٹی 10% کی سطح پر لائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تاجر ایمانداری سے اپنی اشیاء درآمد کرکے درست طریقے سے اپنا کاروبار چلا سکیں ۔ نیز کسٹمز میں ایماندار افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے اور کرپٹ عناصر کا صفایا کیاجائے تاجر برادری کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں ،تاجر برادری بے پناہ ٹیکسوں سے پریشان ہے تاجر ٹیکس ادا کرنے کو تیار ہیں لیکن ٹیکس کے اوپر ٹیکس نہ لگایا جائے، انہوں نے کہا کہ کسٹم ڈیوٹی کم ہونے سے زیادہ امپورٹ ہونے کے باعث حکومت کے ریونیومیں بھی اضافہ ہوگا اوریہ چار گناہ تک بڑھ جائے گا۔ حکومت معاشی بحران سے بھی باہر نکل آئے گی۔