پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام وکلاء برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ

سانحہ ڈسکہ کے ذمہ دار ان کو فوری گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے‘ میاں منظور احمد وٹو کا خطاب

منگل 26 مئی 2015 22:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام وکلاء برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا ۔ پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو مقامی لیڈر اور کارکنوں کے ہمراہ وکلاء برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جب یہاں پریس کلب لاہور پہنچے تو وہاں پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور پارٹی کی مقامی قیادت نے انکا استقبال کیا۔

اس موقع پر صدر پیپلز پارٹی لاہور ثمینہ خالد گھرکی ، تنویر اشرف کائرہ، سہیل ملک، چوہدری اسلم گل، رانا گل ناصر، دیوان محی ا لدین،خرم جہانگیر خان وٹو، ایم پی اے، راجہ عامر، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، جہاں آراء وٹو، بابر بٹ، اعجاز چوہدری، نوید چوہدری، عمران اٹھوال، میاں ایوب، افنان بٹ، ڈاکٹر خیام حفیظ، الیاس خان ایڈووکیٹ، خاور کھٹانہ ایڈووکیٹ، میاں شاہد ایڈووکیٹ، لبنیٰ چوہدری ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے پرزور مطالبہ کیا کہ ڈسکہ بار ایسوسی ایشن کے صدر، رانا خالد عباس اور ایک اور وکیل کے قتل کے ذمہ دار مجرموں کو فوری گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ اگر ماڈل ٹاؤن کے سانحہ کے مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دی ہوتی تو شاید ڈسکہ کا واقعہ نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس کی دہشتگردی سے 14نہتے کارکن جاں بحق ہوئے تھے اور تقریباً 90 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

صوبے میں لاقانونیت کا دور دورہ ہے اور امن عامہ کی صورتحال دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے جسکی وجہ سے لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں اور وہ شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پولیس اور حکومت قانون سے بالاتر ہیں کیونکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر قانون کی دھجیاں بغیر خوف و خطر اڑا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وکلاء برادری کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے پارلیمنٹ کی بالادستی ، عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کی بحالی میں تاریخی کردار ادا کیا۔

پیپلز پارٹی انکے تاریخی کردار کی معترف ہے اور ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا جو یہاں آج وکلاء برادری سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے آئے ہیں۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وکلاء کا قتل کھلی حکومتی جارحیت ہے۔

متعلقہ عنوان :