حکومت نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کینسر کے علاج کیلئے جدید مشینیں نصب کر دی ہیں‘ 2745ملین روپے کی لاگت سے جدید انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسزقائم کیا جائے گا

صوبائی وزیر قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن کی ڈاکٹر ز کے وفد سے گفتگو

منگل 26 مئی 2015 22:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء ) وزیرقانون، ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں پیچیدہ امراض کی تشخیص جدید آلات فراہم کئے جا رہے ہیں اور میمو گرافی مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں، دنیا میں سالانہ ایک کروڑ27 لاکھ سے زائد افراد کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہوتے ہیں جن میں سے ہر سال 81 لاکھ افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں،طبی ماہرین کے مطابق صرف پاکستانی خواتین میں سالانہ 90 ہزار سے زیادہ کینسر کے کیس رپورٹ ہوتے ہیں جبکہ حکومت نے جناح ہسپتال ،الائیڈ ہسپتال ودیگر ٹیچنگ ہسپتالوں میں کینسر کے علاج کے لئے جدید مشینیں نصب کر دی ہیں ۔

ڈاکٹرزسے تھائیرائیڈ کے عالمی دن کے حوالے سے ملاقات کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہحکومت مہلک اور خطرناک بیماریوں کے علاج معالجہ کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی ادارے قائم کررہی ہے اور 2745ملین روپے کی لاگت سے جدید انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسزقائم کیا جائے گاتاکہ لوگوں کو علاج معالجہ کی معیاری سہولتیں سستی اورمستحق مریضوں کو بلامعاوضہ دستیاب ہوں- ایمرجنسی وارڈ آپریشنل کرنے کے لئے 650ملین روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے -انہوں نے کہا کہ کڈنی ولیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کے لئے 50 ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے جس کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے- مجتبیٰ شجاع الرحمننے ڈاکٹرز سے کہاکہ وہ عوام کو علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں احتیاطی تدابیر بارے شعور اجاگر کریں اور اس کے لیے موثر مہم شروع کی جائے کیونکہ کینسر جیسی مہلک بیماریوں کا علاج انتہائی مہنگا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امراض گردہ میں مبتلاغریب مریضوں کو مفت ڈائیلاسسز وادویات کے لئے گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنے فنڈز 60 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں اور کم وسائل رکھنے والے لوگوں کوتشخیص وادویات کی فراہمی کے لئے 8 ارب 75 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ عوام میں تمباکو نوشی کے خلاف بھی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہر سال لاکھوں افراد سگریٹ نوشی کے باعث چیسٹ کینسر کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور 600ملین لوگ تمباکو نوشی کی پیچیدگیوں کے باعث ٹی بی و پھیپھٹروں کی خطرناک بیماریوں سے متاثر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کینسر جیسی مہلک بیماریوں کے علاج معالجہ کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں شعبہ کینسر کو اپ گریڈکیاجا رہا ہے -