ڈسکہ کا واقعہ ایک پولیس افسر کا انفرادی فعل ہے، تمام پولیس کو الزام دینا درست نہیں‘ غیر ملکی کرکٹ ٹیم طویل عرصے کے بعد پاکستان آئی ہے، وکلاء برادری پرامن پاکستان کے تاثر کو قائم رکھنے میں تعاون کریں

صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کا بیان

منگل 26 مئی 2015 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء ) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ ڈسکہ کا واقعہ ایک پولیس افسر کے انفرادی فعل کا نتیجہ ہے اور اس سلسلہ میں تمام پولیس کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں، ڈسکہ کے واقعہ بارے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو جلد اپنی رپورٹ میں تمام حقائق پیش کردے گی جس کی روشنی میں واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی-انہوں نے یہ بات یہاں ڈسکہ کے واقعہ کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہی -انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے مگر صبر و تحمل کا دامن چھوڑ کر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا کسی طور بھی مناسب نہیں -انہوں نے کہا کہ حکومت جاں بحق افرادکے لواحقین اور وکلاء برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے-انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور اس سلسلہ میں جلد از جلد انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد کوئی غیر ملکی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی ہے اور پاکستان کا پرامن ملک کا سافٹ امیج ابھر کر دنیا کے سامنے آرہا ہے اس لئے وکلاء برادری کو چاہیے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں - انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ واقعہ میں ملوث مجرم سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :