Live Updates

اعجازاحمدچوہدری کا سانحہ ڈسکہ کے شہدا ء کی غائبانہ نمازجنازہ میں شرکت

پنجاب کے سفاک حکمرانوں کے ہوتے ہوئے کسی بھی انصاف کی توقع نہیں کی جا سکتی، سانحہ ڈسکہ کے ذمہ دارشہباز شریف ہیں، پنجاب کے حکمرانوں کی سرپرستی میں پولیس بے گناہ انسانوں کا قتل عام کر رہی ہے، جسے کوئی روکنے والا نہیں تحریک انصاف کے رہنماء اعجازاحمدچوہدری کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 26 مئی 2015 21:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اعجازاحمدچوہدری نے مہر فیاض ایڈووکیٹ اور محمود جوئیہ کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ڈسکہ میں پولیس ایس ایچ او کی فائرنگ سے جان بحق ہونے والے رانا خالد عباس اور عرفان چوہان کی غائبانہ نمازجنازہ شرکت کی ۔ بعدازاں اعجازاحمدچوہدری ، علیم اﷲ وڑائچ، حاجی امان اﷲ ، افتخار ساہی ، ضیا ء اﷲ کھارا، عبدالطیف غنی اوررؤف باجوہ کے ہمراہ ڈسکہ کا دورہ کیا ۔

اپنے دورے کے موقع پر سانحہ ڈسکہ کے حوالے سے نکالی جانے والی ریلی کی اعجازاحمدچوہدری نے قیادت بھی کی ۔ اعجازاحمدچوہدری پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ تحریک انصاف تحصیل ڈسکہ کے انصاف لائرز فورم کے صدر رانا خالد عباس اور عرفان چوہان کے گھروں میں اظہار تعزیت کے لئے گئے، جہاں انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور مغفرت کی دعا کی ۔

(جاری ہے)

اعجازاحمدچوہدری نے مرحومین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورافسوس کا اظہار کیاکہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں پی ٹی آئی برابر کی شریک ہے ۔

ڈسکہ دورے کے موقع پراعجازاحمدچوہدری نے میڈیا کے نمائندوں اور احتجاجی ریلی کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف سانحہ ڈسکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اورقیمتی جانوں کے ضیاع پر جتنابھی دکھ کا اظہار کیا جائے کم ہے ۔ پولیس نے سانحہ ڈسکہ میں ظلم وبربریت کی نئی مثال قائم کی ایس ایچ او کی ریاستی دہشتگردی سے پنجاب کے حکمرانوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ۔

شریف خاندان پنجاب پولیس کو اپنی ذاتی ملائشیا سمجھ کر استعمال کرتے ہیں ۔ پنجاب کے حکمرانوں کی سرپرستی میں پولیس ریاستی دہشتگردی کے ذریعے بے گناہ انسانوں کو قتل کررہی ہے ۔شہبازشریف فوری طور پر مستعفیٰ ہو جائیں، جن کے دور میں نہ غریب کی عزت محفوظ ہے اور نہ جان،شہباز شریف کے ہوتے ہوئے کسی مقتولین کوبھی انصاف نہیں ملے گا۔ خدارا بے گناہ انسانوں کا قتل عام بند کیا جائے اور سانحہ میں ملوث ملزمان کو کیفرِکردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ فیصل آباد اور ماڈل ٹاؤن کے سفاک قاتلوں کو عبرتناک سزا ہو جاتی تو یہ واقعہ دوبارہ رونماء نہ ہوتا۔ حکمرانوں کے سیاہ ترین دورے اقتدار میں پنجاب کی پولیس خون کی ہولی کھیل رہی ہے جسے کوئی روکنے والا نہیں ۔ پنجاب کے حکمران چلوبھر پانی میں ڈوب مریں جو عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں بُری طرح ناکام ہو چکے ہیں،انہیں اقتدار میں رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں، حکمران اتنا ظلم کریں جتنا وہ کل خود برداشت کرسکیں، انہوں نے کہاکہ سانحہ ڈسکہ کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں، صوبہ پنجاب پولیس اسٹیٹ بن چکاہے ۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ فیصل آباد ،ماڈل ٹاؤن اور ڈسکہ کے سانحہ نے پنجا ب کے حکمرانوں کی گڈ گورننس کی کلی کھول دی ہے ، پنجاب کی پولیس عوام کے محافظ بننے کی بجائے سفاک قاتل بن گئی ہے۔ پنجاب کے حکمرانوں کو ظلم کا حساب دینا ہوگا ،سانحہ کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انصاف کے حصول تک حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ سانحہ ڈسکہ کا واقعہ پنجاب کے حکمرانوں کی ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات