وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہد الله خان کی

زیر صدارت گلوبل چینجز امپیکٹ اسٹڈی سینٹر کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

منگل 26 مئی 2015 20:42

اسلام آباد ۔ 26مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہد الله خان کی زیر صدارت گلوبل چینجز امپیکٹ اسٹڈی سینٹر (جی سی آئی ایس سی) کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ماحولیاتی تبدیلی عارف احمد خان، ڈاکٹر اشفاق احمد، شمس الملک، ڈاکٹر قمر الزمان چوہدری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بورڈ آف گورنرز نے ان تمام مقاصد کے حصول پر بحث کی جو پہلے اجلاس کے دوران طے کئے گئے تھے۔

اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اہم مسائل زیر بحث آئے۔ اجلاس کے دوران ماہرین نے تجویز پیش کی کہ لائیو اسٹاک کو ایسی خوراک فراہم کی جائے تاکہ وہ ہاضمے کے عمل میں میتھین کا اخراج کم کریں۔ اجلاس میں ان تمام اقدامات کی ترقی کا جائزہ لیا گیا جو 25 نومبر 2014ء کے بورڈ آف گورنرز کے پہلے اجلاس میں تجویز کئے گئے تھے اور ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو پاور ٹو ایگزیکٹو ڈائریکٹرز جی سی آئی ایس سی کے وفد کی سفارشات کا جائزہ لے گی جو بورڈ آف گورنرز کے وائس چیئرمین کو پیش کی گئی، اب تک مزید ٹاسک بھی مکمل کرلئے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جی سی آئی ایس سی کے بورڈ آف گورنرز کے جی سی آئی ایس سی کے نکالے جانے والے ملازمین کے انجذاب اور تبادلہ کے فیصلے پر بھی عمل درآمد کیا گیا۔ گلوبل چینجز امپیکٹ اسٹڈی سینٹر کے سینئر سائنسدانوں کے کنٹریکٹ میں توسیع کی سمری وزیراعظم کو بھیجی گئی ہے جس کے فیصلے کا ابھی انتظار ہے۔ بورڈ آف گورنرز نے جی سی آئی ایس سی کے فرسودہ آلات کی تبدیلی کی منظوری دی ہے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے جی سی آئی ایس سی کے آلات بارے تشخیصی رپورٹ دی اور اس پر سفارشات بھی پیش کیں۔ اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلی کی وزارت کے فنڈز کی بھی منظوری دی گئی۔ بورڈ آف گورنرز کے گزشتہ اجلاس میں اس بات کی ہدایت کی تھی کہ وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے اجلاس میں صوبائی نمائندوں کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کی جائے تاکہ صوبائی سطح کے مسائل بھی زیر بحث لائے جائیں۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس کا ایجنڈا صوبائی نمائندوں سے ملاقات تھا اور صوبوں سے یہ درخواست کی گئی کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق کپیسٹی بلڈنگ کی ضروریات جو جی سی آئی ایس سی سے متعلق ہیں، کو پیش کریں۔