بیلارس کے تجارتی وفد کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

منگل 26 مئی 2015 20:40

اسلام آباد ۔ 26 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) بیلارس کے ایک تجارتی وفد نے بیلارس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین میخائل میاٹلیکوو کی سربراہی میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستانی تاجروں کے ساتھ براہ راست ملاقات کی۔ وفد میں ٹیکسٹائلز، میٹلز، تیل و گیس، کیمیکلز، زرعی مشنری، فوڈ پراسسنگ اور ادویات سمیت متعدد شعبوں کے نمائندے شامل تھے، اس کے علاوہ وفد میں بیلارس کے ٹیکسٹائل، تیل اور گیس اور لائٹ انجنیئرنگ کے وزراء بھی شامل تھے۔

بیلارس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین میخائل میاٹلیکوو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلارس کے درمیان 12 باہمی سمجھوتوں کی یاداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں جو دونوں ممالک کے مابین پائیدار معاشی تعاون کی طرف پہلا قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی تاجروں کو دعوت دی کہ وہ جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کرنے کے لئے بیلارس کا دورہ کریں، ٹیکسٹائل، تیل اور گیس اور لائٹ انجنیئرنگ کے وزراء نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور پاکستان کے ساتھ طویل المدتی معاشی تعلقات قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیلارس کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے جس سے ظاہر ہے کہ بیلارس پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو فروغ دینے میں کس قدر گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ادریس نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ پاکستان بیلارس کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک ایشیا اور یورپ کی بڑی منڈیوں میں داخل ہونے کے لئے ایک دوسرے کو گذرگاہ فراہم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت 60 ملین امریکی ڈالر ہے جو دونوں کی اصل صلاحیت سے بہت ہی کم ہے حالانکہ دونوں ممالک میں بے شمار تجارتی مواقع موجود ہیں لہذا پاکستان اور بیلارس کی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد پر خصوصی توجہ دیں تاکہ تجارتی تعلقات میں بہتری لا کر باہمی تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش اور منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پیش کرتا ہے لہذا بیلارس کے سرمایہ کاروں کو چائیے کہ پاکستان میں تیل اور گیس، ٹیکسٹائلز، کیمیکلز، زراعت، ادویات، توانائی، ٹرانسپورٹ اور دوسرے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ بیلارس کو چاہئے کہ وہ پاکستان میں ٹریکٹرز اور ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں کے اسمبلی اور مینوفیکچرنگ پلانٹس لگائے۔ ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر زبیر ایف طفیل نے کہا کہ پاکستان ۔ چین اقتصادی راہداری سے انفراسٹریکچر کی ترقی کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیلارس کے سرمایہ کاروں کے لئے مناسب وقت ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی اور بیلارس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے باہمی سمجھوتے کی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ فیڈریشن کے صدر میاں محمد ادریس اور بیلارس چیمبر آف کامرس کے چیئرمین میخائل میاٹلیکوو نے سمجھوتوں پر دستخط کئے۔ آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین عبدالرؤف عالم، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر، نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، فیڈریشن کے سابق نائب صدر و ریجنل چیئرمین ایس ایم نصیر سمیت طارق صادق، ظفر بختاوری، زاہد مقبول، محمد اعجاز عباسی، فیڈریشن کے چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی ملک سہیل حسین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :