این ڈی ایم اے نے پری مون سون تیاری اور ہنگامی منصوبہ بندی کے جائزہ اجلاسوں کا انعقاد شروع کر دیا

منگل 26 مئی 2015 20:40

اسلام آباد ۔ 26 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) این ڈی ایم اے نے آئندہ مون سون کے موسم کے آغاز سے پہلے ہی صوبائی اور علاقائی اداروں کے تعاون سے پری مون سون تیاری اور ہنگامی منصوبہ بندی کے سلسلے میں اپنے جائزہ اجلاسوں کا انعقاد شروع کر دیا۔ این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم ایز کو صوبوں میں مون سون خطرات کا جائزہ لینے، درکار وسائل، ضروری اشیاء کی بروقت دستیابی کے لئے متعلقہ ضلع میں آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلے میں کے پی کے اور فاٹا کے لئے پشاور، پنجاب کے لئے لاہور اور سندھ کے لئے کراچی میں یکے بعد دیگرے تفصیلی مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے۔ اسی طرح پانچویں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (ایس ڈی ایم اے) کے تعاون سے آزاد جموں و کشمیر میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری عابد علی نے کی۔

اجلاس میں این ڈی ایم اے کے چیئرمین میجر جنرل اصغر نواز کے علاوہ کمشنرز، سیکریٹریز اور چیف انجینئر نے شرکت کی۔ ایس ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد اکرم سہیل نے مون سون کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کئے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے خیموں کی ضرورت پر بھی مشاورت کی۔ چئیرمین این ڈی ایم اے نے گزشتہ تجربات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایس ڈی ایم اے کی طرف سے کئے گئے تیاری کے انتظامات کی کوششوں کو سراہا۔

چئیرمین نے اس سلسلے میں این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور پاکستان آرمی کو ہنگامی صورتحال کے دوران ذرائع رسل و رسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ریسکیو اور ریلیف کے امدادی سامان کے لئے ایس ڈی ایم اے کو زیادہ سے زیادہ ویئر ہاؤسز کیلئے مناسب جگہ کی ضرورت پر زور دیا اور ریلیف کیمپ لگانے کے لئے جگہ کے انتخاب کی نشاندہی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ مون سون کے دوران کسی بھی جگہ تودے گرنے جیسے واقعات کے دوران جلد از جلد امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔

انہوں نے پیشگی اطلاع کے جدید طریقوں کے بارے میں تمام ممکنہ لائحہ عمل ترتیب دینے کی بھی تجویز دی جس میں متعلقہ علاقے کے لوگوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اپنے ادارے کی طرف سے ضرورت پڑنے پر ہر طرح کی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ چیف سیکرٹری نے چئیرمین این ڈی ایم اے کی تجاویز کو مثبت قرار دیا اور کمشنرز کو تین ڈویژنوں میں ویئر ہاؤسز کی تعمیر کے لئے مناسب جگہ کے حوالے سے آگاہ کرنے کو کہا۔

انہوں نے کمشنرز اور ڈائریکٹر جنرلز کو مون سون کی تیاریوں کے حوالے سے پیش رفت پر ماہانہ میٹنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایس ڈی ایم اے کو اس تمام صورتحال کے بارے میں کئے گئے انتظامات کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کا کہا۔ اس طرح کے اجلاسوں کا مقصد یہ ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کی تیاری اور ان کے کردار اور ذمہ داریوں کا جائزہ لیا جا سکے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاری کی جا سکے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے قیمتی جانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

اس طرح کے مشاورتی عمل سے این ڈی ایم اے کے قومی مون سون کے کانٹی جینسی پلان کو حتمی شکل دی جا سکے تاکہ متعلقہ تمام اداروں کے ساتھ مشاورت کر کے آگے آنے والے مون سون موسم کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک مشترکہ نیٹ ورک قائم کر کے بروقت امدادی کاروائیاں کی جا سکیں۔