شاہی قلعہ اور بادشاہی مسجد کا طرز تعمیر اپنی مثال آ پ ہے، امریکن قونصلیٹ

تاریخی یادگاروں کی بحالی اور سیاحت کا فروغ مقصد ہے، آصف ظہیرڈائریکٹر مارکیٹنگ والڈ سٹی اتھارٹی

منگل 26 مئی 2015 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) امریکی قونصل خانہ کے قونصلیٹ جنرل مسٹر زاکری وی ہارکن رائیڈرنے کہا ہے کہ اندرون لاہور کی تاریخی عمارتیں قیمتی ورثہ ہیں اور ان کی خوبصورتی بے مثال ہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے ان تمام تاریخی یادگاروں کی بحالی ایک قابل تحسین قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شاہی قلعے اور بادشاہی مسجد کے ٹور کے موقع پر کیا۔

ان کے ہمراہ امریکی قونصل خانہ کی پبلک افیئرز آفیسر مس رچل چن بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

جبکہ والڈ سٹی اتھارٹی کے محکمہ سیاحت کے افسران بھی موجود تھے۔ مسٹر زاکری وی ہارکن رائیڈرنے کہا کہ مغلیہ دور میں تعمیر کی جانے والی بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کی خوبصورتی اور طرز تعمیر اپنی مثال آپ ہیں۔انہوں نے والڈ سٹی اتھارٹی کے ان تاریخی یادگاروں کے منصوبوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ثقافتی ورثے قوموں کے اثاثے ہوتے ہیں اور اندرون لاہور میں موجود ایسی تاریخی یادگاریں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔والڈ سٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ آصف ظہیر نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ہمارا مقصد تاریخی یادگاروں کی بحالی کے ساتھ ساتھ انہیں خوبصورت بنانا اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔