الطاف حسین کی ہدایت پر عوامی مسائل کے حل کیلئے معمار سیکٹر33 یوسی 12 رابعہ فلاور میں تیسری کھلی کچہری کا انعقاد

منگل 26 مئی 2015 19:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر عوام کے مسائل کے حل کیلئے حق پرست ایم این اے محمد مزمل قریشی نے معمار سیکٹر 33 یوسی12 رابعہ فلاورمیں تیسری کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں علاقہ معززین نے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی نادر خان،اسسٹنٹ کمشنر گلزار ہجری، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مبین صدیقی ،واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کے اعلی افسران کے علاوہ ڈی سی آفس کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حق پرست ایم این اے محمد مزمل قریشی نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے عوام کی بلا امتیازخدمت کا درس دیا ہے اور اسی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچھری منعقد کرائی جارہی ہیں ، اس سلسلے میں عوام کو جو بھی شکایات درپیش ہیں وہ اپنی شکایات متعلقہ افسران تک اس کھلی کچھری کی ذریعے پہنچا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرعلاقہ مکینوں نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کے الیکٹرک کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے روزمرہ زندگی کے معمولات متاثر ہورہے ہیں ،نو نو گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ کے الیکٹرک کی جانب سے کسی بھی وقت بجلی بند کردی جاتی ہے ، جبکہ موقع پر موجود لوگوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لیگل کنڈے بھی ہٹا دیئے گئے ہیں اور کی جگہ میٹر کی تنصیب کا عمل ابھی تک شروع نہیں کیاگیا، اس کے علاوہ علاقے میں نئےPMT کی اشد ضرورت ہے جو ابھی تک نہیں لگائی گئی ہے جس سے علاقہ مکین شدید متاثر ہورہے ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ ایریل(AREAL) کے ساتھ بل آنے کی کافی شکایات موصول ہوئیں جس میں لاکھوں روپے جرمانے لگ کر بل آرہے ہیں ، جبکہ پانی کے مسائل بیان کرتے ہوئے بتایا کہ پانی اس علاقے میں آتھا ہی نہیں ، پینے کا صاف پانی جو کہ عوام کا بنیادی حق ہے وہ اب لوگ مہنگے داموں پر خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ صفائی و ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جبکہ مون سون سے قبل سونگل نالے کی بھی صفائی کی درخواست کی گئی ۔

حق پرست ایم این اے محمد مزمل قریشی نے اس موقع پر علاقہ معززین کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کو سننے کے بعد اسکے حل کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ عوام کو تمام مسائل سے نجات دلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی ۔ انہوں نے کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے متعلقہ افسران کو ہنگامی بنیادوں پر عوام کے مسائل حل کرنے کی ہدایات دیں جبکہ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مبین صدیقی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی و ستھرائی کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں جس سے مستقل بنیادوں پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔