وزارت کیڈنے اسلام آباد میں تعلیمی اداروں ‘ ہسپتالوں سمیت 17ترقیاتی منصوبوں کیلئے پی ایس ڈی پی میں فنڈز مختص کرنے کی تجویز وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی کو بھجوا دی

منصوبوں میں جی 13 میں 200 بستروں کے نئے ہسپتال کی تعمیر ‘ ذہنی طور پر معذور بچوں کیلئے نئے یونٹ کا قیام اور لٹریسی سیل کے قیام کے علاوہ ماڈل سکولوں میں نئے بلاکس کے تعمیری منصوبے شامل

منگل 26 مئی 2015 19:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) کیپیٹل ایڈمنسٹریشن کی وزارت نے اسلام آباد میں تعلیمی اداروں ‘ ہسپتالوں سمیت 17ترقیاتی منصوبوں کیلئے پی ایس ڈی پی میں فنڈز مختص کرنے کی تجویز وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی ترقی کو بھجوا دی ۔ ان منصوبوں میں جی 13 میں 200 بستروں کے نئے ہسپتال کی تعمیر ‘ ذہنی طور پر معذور بچوں کیلئے نئے یونٹ کا قیام اور لٹریسی سیل کے قیام کے علاوہ ماڈل سکولوں میں نئے بلاکس کے تعمیری منصوبے شامل ہیں۔

اس ضمن میں وزیر مملکت برائے کیڈ بیرسٹر عثمان ابراہیم کی صدارت میں منگل کو ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری کیڈ خالد علوی ‘ ایڈیشنل سیکرٹری قیصر نوید ملک ‘ جوائنٹ سیکرٹری عمر حمید اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مالی سال 2015-16ء کے ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا اور اس ضمن میں کیڈ کی طرف سے وزارت خزانہ اور منصوبہ بندی کو 17 منصوبوں کیلئے تجاویز تیار کر کے بھجوا دی گئی ہیں۔

کیڈ ڈویژن کا 2015-16ء کا بجٹ 1534 ملین ہے۔ کیڈ کے موجودہ پی ایس ڈی پی بجٹ میں 17 منصوبے ہیں جن میں 4 منصوبوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے ان میں ذہنی طور پر معذور بچوں کیلئے سپیشل ایجوکیشن ایچ ایٹ فور میں آٹیزم یونٹ کا قیام ‘ لٹریسی سیل کا قیام ‘ جی 13 میں 200 بیڈ کے ہسپتال کی تعمیر جبکہ ماڈل سکولز میں اضافی اکیڈمک بلاکس کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔ ان بلاکس کی تعمیر سے شام کی شفٹ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو صبح کی شفٹ میں منتقل کر دیا جائیگا اور اسلام آباد کے شہریوں کے دیرینہ مسائل بھی حل ہوں گے۔ اس ضمن میں وزیر مملکت نے تجاویز وزیر اعظم کے سیکرٹری کو بھی بھجوا دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :