آئندہ بجٹ میں خیبرپختونخوا کیلئے نئی مراعات کا اعلان کیا جائے گا، انکم ٹیکس پر پانچ سال کیلئے چھوٹ، بینک قرضوں پر شرح سود میں خصوصی رعایت اور انڈسٹریل و کمرشل گیس کنکشنوں پر عائد پابندی ختم نہیں کی جاسکتی

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی خیبرپختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 26 مئی 2015 19:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبہ خیبرپختونخوا کیلئے نئی مراعات کا اعلان کیا جائے گا تاہم انہوں نے خیبرپختونخوا کی تاجر برادری کے صوبے میں انکم ٹیکس پر پانچ سال کیلئے چھوٹ، بینک قرضوں پر شرح سود میں خصوصی رعایت اور انڈسٹریل و کمرشل گیس کنکشنوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے مطالبات مسترد کر دیئے۔

وہ منگل کو یہاں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر الیاس بلور کی قیادت میں ملاقات کرنے والے خیبرپختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔اس دوران انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی اور امن و امان کی مخدوش صورتحال کی وجہ خیبرپختونخوا کے تاجر سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خیبرپختونخوا میں انکم ٹیکس پر پانچ سال کیلئے چھوٹ، بینک قرضوں پر شرح سود میں رعایت اور گیس کے انڈسٹریل و کمرشل کنکشنوں پر عائد پابندی کے خاتمے کا اعلان کیا جائے۔

ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ وزیر خزانہ نے صوبہ خیبرپختونخوا کے تاجر نمائندوں کے مذکورہ بالا مطالبات پر عملدرآمد سے معذرت کرلی تاہم انہوں نے کہا کہ مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں خیبرپختونخوا کیلئے نئی مراعات کااعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان نے پاکستانی برآمدات پر عائد 25ٹن مال پر 100ڈالر ڈیوٹی اور 110فیصد بینک گارنٹی ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جس سے صوبہ خیبرپختونخواکے تاجروں کو کافی فائدہ ہو گا۔