بھارتی وزیردفاع ”منوہرپارکر“ کے بیان نے بھارت کااصل چہرہ پوری دنیاکے سامنے بے نقاب کردِیا،مفتی لیاقت علی رضوی

منگل 26 مئی 2015 18:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء ) پاکستان سُنّی تحریک کے ڈویژنل صدرمفتی لیاقت علی رضوی نے کہاہے کہ بھارتی وزیردفاع ”منوہرپارکر“ کے بیان نے بھارت کااصل چہرہ پوری دنیاکے سامنے بے نقاب کردِیا۔عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارتی وزیردفاع کی جانب سے دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے کے اعلان کاسنجیدگی سے نوٹس لے۔ بھارتی وزیردفاع کے بیان نے ثابت کردیاکہ خطے میں ہونیوالی دہشگردی میں”را“ملوث ہے۔

پاکستانی حکومت ”را“ کیخلاف ثبوت سلامتی کونسل میں پیش کرنے میں دیرنہ کرے۔پاکستان کے عسکری اداروں سمیت تمام محب وطن سیاسی ودینی جماعتیں اور اس کے غیور محب وطن عوام کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈویژنل اورضلعی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ان کاکہناتھاکہ بھارت کوپاک چین اقتصادی راہداری ہضم نہیں ہورہی ہے وہ اس کو ناکام بنانے کے لئے کسی بھی حد تک جانے کوتیارہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ متحد ہوکرملک دشمن سازشوں کامقابلہ کیاجائے۔ اقتصادی راہداری منصوبے کوہرصورت مکمل کیاجاناچاہئے اس کے خلاف واویلا کرنے والے درحقیقت ہندوستان کے ایجنٹ ہیں جن کاقلع قمع کرنا ضروری ہے۔ہندوستان نہ کبھی ہمارادوست تھا اور نہ آئندہ ہوسکتاہے۔ہندوستان نے دوستی کاخواب دکھاکر ہمیشہ پیٹھ پیچھے چھراگھونپا ہے۔پاکستانی حکمرانوں کو بھارت سے دوستی کے خواب دیکھنا چھوڑ کرملک وقوم کی خدمت کرنی چاہئے۔

اس موقع پرعلامہ طاہراقبال چشتی، صاحبزادہ عطاء الرحمن دھنیال،ملک عبدالرؤف، علامہ عبداللطیف قادری،علامہ اشتیاق احمدقادری،ڈاکٹرمحمدطیب رضا،صاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی،نعیم رضاقادری ودیگربھی موجودتھے۔مفتی لیاقت علی رضوی نے مزیدکہاکہ انڈیانے پاکستان کونقصان پہنچانے کاکوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔کھیلوں کے میدانوں سے لے کرآبی جارحیت تک بھارت کی پاکستان دشمنی واضح طور پرنظر آتی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پاک چین اقتصادی راہداری اور کالاباغ ڈیم جیسے قومی مفاد کے منصوبوں کی جلد تکمیل کی جائے اسی میں ملک وقوم کی بقاء ہے۔

متعلقہ عنوان :