پنجاب کے حالات پرامن ہیں ، کہیں بھی آگ نہیں لگی ، کسی کی جرات نہیں کہ پاکستان میں آگ لگا سکے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ ڈسکہ پر فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بنایا ، فائرنگ کرنیوالے کو گرفتار کرلیا گیا ، ہم شفاف طریقے سے چیئرمین پیمرا لانا چاہتے ہیں ، حکومت کو حق حاصل ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشیدکی میڈیا سے گفتگو

منگل 26 مئی 2015 17:52

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پنجاب کے حالات پرامن ہیں ، کہیں بھی آگ نہیں لگی ، کسی کی جرات نہیں کہ پاکستان میں آگ لگا سکے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ پر فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بنایا ، فائرنگ کرنیوالے کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ، ہم شفاف طریقے سے چیئرمین پیمرا لانا چاہتے ہیں ، حکومت کو حق حاصل ہے کہ عدالتی فیصلہ پسند نہ ہوتو اس کے خلاف اپیل کرے ۔

وہ منگل کو بین المذاہب کانفرنس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام دوست پالیسیاں اپنائیں جس کی وجہ سے بجلی اور پٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں ، دوسرے ملکوں نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا ، ہمارے ہاں وزیراعظم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں بجلی اور پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا گیا ، عوام کی فلاح کے تمام منصوبے عوام دوست منصوبے ہین ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں میٹروبس کے روٹ پر 8 یونیوسٹیاں اور بہت سے ہسپتال آتے ہیں ، میٹرو بس سروس سے عام عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز افسوس ناک واقعہ پر لوگوں نے رد عمل ظاہر کیا ، پنجاب کے حالات پرامن ہیں ، کہیں بھی آگ نہیں لگی ، حکومت نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لے کر کارروائی کی ، کسی کو بھی پاکستان میں آگ لگانے کی جرات نہیں ، ہماری حکومت نے شفاف انداز میں منصفانہ اقدام کیے ۔

حکومت نے کسی کو بھی نہیں نوازا ، حکومت کو حق حاصل ہے کہ عدالتی فیصلہ قبول نہ ہوتو اس کے خلاف اپیل دائر کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلا سال عوام دوست اقدامات کا سال تھا ، بجلی ، پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل کمی عوام دوست اقدامات کی واضح نشانی ہے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں پٹرول کی قیمت میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچائے گئے ، بجلی کے کارخانے لگانا اور میٹروبس جیسی جدید سفر کی سہولیات فراہم کرنا عوام دوست اقدامات ہیں ۔ پرویز رشید نے کہا کہ وکلاء سے متعلق واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری طور پر جوڈیشل کمیشن تشکیل کے لئے کہا۔ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ پنجاب پرامن صوبہ ہے اور پرامن ہی رہے گا