عوامی نیشنل پارٹی 30 مئی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے سونامی کو واپس بنی گالہ میں دفن کردے گی ، بلدیاتی انتخابات میں عوام کو تبدیلی کے نام پر سبز باغ دکھانے والے فصلی بٹیروں کو شکست ہوگی

عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر الیاس احمد بلور کی مختلف وفود سے گفتگو

منگل 26 مئی 2015 17:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء ) سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بزنس مین فورم کے لیڈر اور ملک کے ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی 30 مئی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے سونامی کو واپس بنی گالہ میں دفن کردے گی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کو تبدیلی کے نام پر سبز باغ دکھانے اور اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے خلاف ادھورے ترقیاتی کام کرنے پر تحریک انصاف کے فصلی بٹیروں کا قلع قمع کردے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزیر ضیاء اللہ آفریدی کو نہ تو سیاست کرنا آتی ہے اور نہ انہیں عوام کی خدمت کی سمجھ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزراء اور ایم پی ایز نے بلدیاتی انتخابات قریب آتے ہی الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑائی ہیں اور ادھورے ترقیاتی کام کرکے غیور پختون عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت 2 سال سے خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی اور اب عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک مختلف ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیو پر آکر عوام کو خدمت اور تبدیلی کے نام پر بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے غیور پختون تحریک انصاف کی کارکردگی دیکھ چکے ہیں اور اب وہ ان کی کسی چال میں نہیں آئیں گے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عوامی نیشنل پارٹی 30 مئی کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں سرخرو ہوگی ۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ تحریک انصاف ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 30 مئی نام نہاد تبدیلی لانے والوں کا یوم حساب ہے اور پختون قوم اس دن اپنا حساب چکتا کردے گی۔