صوبے میں بلدیاتی الیکشن کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں ،سینئرصوبائی سینئر عنایت اللہ

منگل 26 مئی 2015 17:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و انتخابات عنایت اللہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور موجودہ صوبائی حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ صوبہ پنجاب اور سندھ سے پہلے خیبر پختونخوا میں انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ بلدیات الیکشن کمیشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کو سیکورٹی ،لاجسٹک سپورٹ اور دیگر امور میں مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں ڈیماکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹیم لیڈر ویلائدمر پران ،عالیہ بانواور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ نے کہا کہ کوئی شخص یا پارٹی خواتین کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روک سکتا اور اگر کسی نے روکنے کی کوشش کی تو حکومت ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات کی سربراہی میں رولز آف بزنس کی تیاری کے حوالے سے کابینہ کمیٹی بنی ہے اور جلد ہی رولز آف بزنس کی تیاری مکمل ہوگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات صاف وشفاف اور غیر جانبدار طریقے سے منعقد ہوں گے ۔ جس کے نتیجے میں صوبے میں بڑے پیمانے پر سیاسی اور معاشرتی تبدیلی آئے گی۔ وفد نے بریفنگ میں دلچسپی لی اور صوبائی وزیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔