4 ماہ بعد ہونے والی اہم ملاقات میں وزیر اعظم اووفاقی وزیر داخلہ کی ایک دوسرے کی تعریف ،اختلافات ختم کرانے میں شہباز شریف کے کردار کوسراہا گیا

30 سال سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہیں ،پارٹی سے علیحدگی کا تصور بھی نہیں کر سکتے، چوہدری نثار (ن)لیگ اور ملک میں امن و امان کیلئے آپ کی خدمات قابل تحسین ہیں، کوئی مسئلہ یا شکوہ شکایت ہو تو براہ راست میرے پاس آ جایا کریں، وزیراعظم کی وزیر داخلہ کو پیشکش، ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی

منگل 26 مئی 2015 17:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) وزیر اعظم نوا زشریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ساتھ 4 ماہ بعد ہونے والی اہم ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی تعریف کی جبکہ دوریاں دور کرانے میں مثبت کردار ادا کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے کردار کو بھی سراہا گیا۔ چوہدری نثار علی خان نے واضح کیا کہ وہ 30 سال سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہیں اور پارٹی سے علیحدگی کا تصور بھی نہیں کر سکتے جس پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور ملک میں امن و امان کیلئے وزیر داخلہ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

آپ کو اگر کوئی مسئلہ ہو یا شکوہ شکایت ہو تو براہ راست میرے پاس آ جایا کریں ۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نوا زشریف سے وزیر داخلہ کی ملاقات کے پہلے دور میں وفاقی و زراء پرویز رشید ‘ اسحاق ڈار ‘ شاہد خاقان عباسی ‘ عبدالقادر بلوچ ‘ سعد رفیق ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات 45 منٹ جاری ہی جس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ کی ملاقات مزید 45 منٹ ہوئی اس ملاقات کے دوران شہبا زشریف بھی موجود رہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم نے کہاکہ بطور وزیر داخلہ وہ خود مختار ہیں اور کراچی میں امن کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے وزیر اعظم سے کہا کہ ًآپ میرے قائد ہیں اور آپ سے اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ میرا 30 سال کا سیاسی تعلق ہے اور سیاسی زندگی کے سفر میں اس مقام پر پارٹی سے علیحدگی کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔

میں اپنے کام پر توجہ دیتا ہوں لیکن میڈیا کے بعض دوست ایسی خبر چلا دیتے ہیں جو حقائق کے منافی ہوتی ہے اور اس سے پوزیشن پر بھی فرق پڑتا ہے۔ اس ضمن میں نجی ٹی وی نے بھی ایک تفصیلی خبر دی ہے جس میں نجی ٹی وی نے زرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نے وزیر داخلہ سے کہا کہ مجھے آپ سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ہے اور میرے آپ کے ساتھ تعلقات بہت پر انے ہیں او رشاید اس وقت آپ کے شہباز شریف سے تعلقات نہیں تھے جب سے ہمارے سیاسی سفر ایک ساتھ چل رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ اگر آپ کا کوئی مسئلہ ہو یا شکوہ ہو تو میرے پاس آ جایا کریں۔ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ میاں صاحب آپ میرے قائد ہیں میرے دل میں آپ یا پارٹی سے متعلق کوئی بدگمانی نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اس وقت ملک کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے اور اس مرحلہ پر بطور وزیر داخلہ آپ کا کردار اہمیت کا حامل ہے اور مجھے امید ہے کہ آپ اسی محنت اور لگن سے امور سرانجام دیتے رہیں گے جیسے اب دے رہے ہیں۔ 45 منٹ کی اس ملاقات کے بعد وزیر اعظم وزیر داخلہ کو اپنے ہمراہ لے کر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چلے گئے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور روانہ ہو گئے۔