وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی خان جتوئی سے بیلا روس کے وزیر صنعت ویٹلے ووک کی ملاقات

پاکستان میں گندم کی کٹائی کرنے والے ہارویسٹرز ،ٹریکٹرز، بسوں اور گاڑیوں کے پرزہ جات اسمبل کرنے میں دلچسپی کا اظہار

منگل 26 مئی 2015 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی خان جتوئی سے بیلا روس کے وزیر صنعت ویٹلے ووک نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں گندم کی کٹائی کرنے والے ہارویسٹرز ،ٹریکٹرز، بسوں اور گاڑیوں کے پرزہ جات اسمبل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فوجی اشیاء کی تیاری اور اسمبل کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا اور وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ ان کے مطلوبہ منصوبوں میں پیش رفت کے لیے پاکستان کے نجی شعبہ کی کمپنیوں بارے سفارشات دیں۔

ملاقات کے دوران بیلا روس کے وزیر ووک نے کہا کہ بیلا روس موجودہ سہولیات کی توسیع اور ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے پر بھی غور کر یگا۔وفاقی وزیر نے بیلا روس کے ہم منصب کو ہر ممکن طریقے سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بیلا روس کے وزیر صنعت ووک کو ہیوی میکنیکل کمپلیکس ٹیکسلا کا دورہ کرنے کی دعوت کی تاکہ وہ مطلوبہ ضرورت کو پورا کرنے کے سلسلہ میں اس انفراسٹرکچر کا جائزہ لے سکیں جو کہ پاکستان انہیں فراہم کرسکتا ہے۔

وفاقی وزیرصنعت و پیداوار نے پاکستان اور بیلا روس کے مابین مشترکہ منصوبہ جات کی تجاویز پیش کیں اور کہا کہ سرمایہ کار ی کے منصوبہ جات کے لیے پاکستان کے نجی شعبہ کی ممکنہ بہترین کمپنیوں کے انتخاب میں بیلا روس کی معاونت کرے گا۔غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کے لیے پاکستان کے صنعتی پارکس کے استعمال کی تجویز دی اور ووک کو یقین دہانی کرائی کہ بیلا روس کو پاکستان میں اسمبل کی گئی مصنوعات پاکستان سے ہی دنیا بھر کے مختلف خطوں میں برآمد کرنے کی اجازت ہوگی ۔

وفاقی وزیر نے پاکستان میں زرعی ٹیکنالوجی کو جدید ترین بنانے کے لیے اعلیٰ معیار کے گرین ہارویسٹرز اور ٹریکٹرز تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کے ساتھ تجارتی ترقی کو دھارے میں لانے کے لیے بیلا روس کی طرف سے آزاد انہ تجارتی معاہدہ کی شروعات کرنے کے بارے میں سفارش کی ۔

متعلقہ عنوان :