بلدیاتی الیکشن کیلئے انتظامات مکمل ہیں

خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر سخت قانونی کاروائی کی جائے گی، سینئر صوبائی وزیر بلدیات

منگل 26 مئی 2015 17:18

پشاور۔26 مئی ((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) )صوبہ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و انتخابات عنایت اللہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات الیکشن کمیشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کو سیکورٹی، لاجسٹک سپورٹ اور دیگر امور میں مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پشاور میں ڈیماکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ٹیم لیڈر ویلائدمر پران ،عالیہ بانواور دیگر بھی موجود تھے۔ عنایت اللہ نے کہا کہ کوئی شخص یا پارٹی خواتین کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روک سکتا اور اگر کسی نے روکنے کی کوشش کی تو حکومت ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات کی سربراہی میں رولز آف بزنس کی تیاری کے حوالے سے کابینہ کمیٹی بنی ہے اور جلد ہی رولز آف بزنس کی تیاری مکمل ہوگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات صاف وشفاف اور غیر جانبدار طریقے سے منعقد ہوں گے۔ وفد نے بریفنگ میں دلچسپی لی اور صوبائی وزیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔