قائمقام گورنر بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا فائرنگ کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار

منگل 26 مئی 2015 17:14

کوئٹہ۔26مئی((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) )قائمقام گورنر بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے گزشتہ روز کوئٹہ میں رونماہونے والے فائرنگ کے اقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے ان واقعات کوقابل مذمت قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتظامیہ نہ صرف واقعات میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائیں گے بلکہ شہر میں حفاظی اقدامات کو مزید موثر بناکر امن وامان کی فضاء کو بحال رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

قائمقام گورنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھتے ہوئے پر امن رہیں اور بد امنی کی فضاء پیدا کرنے والے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ بھی معاشرے میں امن انصاف کے قیام اور مذہبی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار موثر اور فعال طریقے سے ادا کریں ۔ قائمقام گورنر نے فائرنگ کے واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :