بجلی کی فراہمی مزید موثر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے،قائمقام گورنر بلوچستان

منگل 26 مئی 2015 17:12

کوئٹہ۔26مئی((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) )قائمقام گورنر بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صوبے بھر کے زمیندار اور کاشتکار شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔انہوں نے کیسکو حکام پر زور دیا کہ وہ صوبے میں بجلی کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع آواران کے عوام کو مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے تاکہ انھیں اس حوالے سے کوئی پریشانی نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں کیسکو حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائمقام گورنر نے کہا کہ صوبے میں لاکھوں لوگوں کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے اس حوالے سے بجلی کی فراہمی کو جاری رکھنے کیلئے مربوط لائحہ عمل ترتیب دینے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی سے کاشتکار فصلات کو مزید بہتر اندازمیں کاشت کرنے اور اپنی اجناس سے بھرپور استفادہ کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسم گرما اور خاص کر ماہ رمضان میں بجلی کی فراہمی میں اضافہ کرنے کیلئے تمام ممکن ذرائع بروئے کار لانے ہوں گے۔ کیسکو حکام نے قائمقام گورنر بلوچستان کو یقین دلایا کہ وہ صوبے بھر کے عوام کو بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع آواران کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر نہ صرف12گھنٹے بجلی فراہم کریں گے بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔

دریں اثناء سینیٹر کلثوم پروین، صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل، رکن صوبائی اسمبلی پرنس احمد علی ، خضدار یونیورسٹی کے وائس چانسلر بریگیڈئر (ر) امین ، سینئر صحافی رضاء الرحمن، شہزادہ ذوالقفقار، ملک سلیم جوگیزئی اور ڈئی آئی جی جیل خانہ جات مسز ممتاز بلوچ نے قائمقام گورنر سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :