سانحہ ڈسکہ کھلی دہشتگردی اور بربریت ہے ، چیف جسٹس اسلام آباد ھائیکورٹ

منگل 26 مئی 2015 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) اسلام آباد ھائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے کہا ہے کہ سانحہ ڈسکہ کھلی دہشتگردی اور بربریت ہے ، دکھ کی اس گھڑی میں تمام ججز وکلاء برادری کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشتگردی کے قوانین مزید سخت ہونے چاھیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد ھا ئیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے سانحہ ڈسکہ کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں کیا۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد ھائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ علیم خان عباسی نے کہا کہ وکلاء کے ساتھ ہمیشہ زیادتیاں ہوئی ہیں، آج تک کوئی قاتل انجام کو نہیں پہنچا، جب تک ذمہ داروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ غاصب طبقہ پولیس کو کرائے کے قاتل کے طور پر استعمال کرتا آرہا ہے، انھوں نے وزیر داخلہ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے اپنی نا اہلی پر مستعفی ھونے کا مطالبہ بھی کیا، وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل شعیب شاھین نے کہا کے ایک ساز ش اور مائنڈ سیٹ کے تحت وکلاء برادری کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جارھا ہے، یہ حملہ وکلاء پر نہیں بلکہ پورے پاکستان پر حملے کے مترادف ہے، تعزیتی ریفرنس کے آخر میں شہید وکلاء کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی، تعزیتی ریفرنس میں چیف جسٹس اسلام آباد محمد انور خان کاسی، جسٹس نورالحق این قریشی، جسٹس شوکت عزیزصدیقی، جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامر فاروق سمیت وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :