مسلم ممالک متحد ہو کر حرمین شریفین کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں‘حافظ عبدالکریم

منگل 26 مئی 2015 16:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ و رکن قومی اسمبلی حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن میں باغیوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کر کے بہت احسن قدم اٹھایا ہے۔لاہور سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے دنیا کو معلوم نہیں تھا کہ یمن میں دشمنان اسلام کیا سازشیں کر رہے ہیں اور باغیوں کے پیچھے اصل قوتیں کونسی ہیں؟ لیکن اب سب کچھ کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک متحد ہو کر سرزمین حرمین شریفین کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔گذشتہ روز مرکزی دفتر میں علماء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام پاکستان اور افغانستان کے بعد سرزمین حرمین شریفین میں بھی انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں،وہ اچھی طرح دیکھ رہے ہیں کہ مسلمان اپنے قدموں پر کھڑے ہورہے ہیں، اس لئے وہ ان کا راستہ روکنے کیلئے دفاعی حصار بنا رہے ہیں۔وہ سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب انتشار کا شکار ہو گیا تو انہیں اپنے مذموم ایجنڈے پورے کرنے کا موقع مل سکے گا۔