فلڈ کنٹرول کمیٹی کی سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 26 مئی 2015 16:29

لاہور ۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) حکومت پنجاب کی فلڈ کنٹرول کمیٹی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی‘محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ محکموں کو سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹھوس ایکشن پلان ترتیب دینے اور اس سلسلہ میں انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔بورڈ آف ریونیو کے ذرائع نے منگل کے روز بتایا کہ مذکورہ محکموں کو صوبہ کے تمام اضلاع میں فلڈ ریلیف ایکوئپمنٹس تیار کرنے اور اس کے بارے میں رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے اور محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام دریاؤں اور نالون کے پشتوں کی مرمت اور فلڈ پروٹیکشن بندوں کی مضبوطی و مرمت کو بروقت یقینی بنایا جائے اور تمام محکمے سیلاب کے حوالے سے کئے جانیوالے انتظامات و اقدامات بارے تیار کردہ ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیں تا کہ ان کی روشنی میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سلسلہ میں چیئرمین کیبنٹ کمیٹی برائے فلڈ کنٹرول کرنل(ر)شجاع خانزادہ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس بھی ہوا ہے جس میں ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف سمیت ‘پی ڈی ایم اے ‘محکمہ آبپاشی و دیگر محکموں کے حکام نے شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے اور محکمہ صحت پنجاب کے حکام سے کشتیوں‘ ڈی واٹر پمپس اور دیگر ایکوئپمنٹس کے آپریشنل ہونے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سیلاب سے پھیلنے والی بیماریوں ‘شانپ کے کاٹنے کی ادویات‘اشیائے خوردونوش و دیگر امدادی سامان بھی تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :