کراچی ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارروائیوں میں تیزی ،اورنگی میں رینجرز سے مقابلے میں 7دہشت گرد مارے گئے

منگل 26 مئی 2015 16:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر قائد کی روشنیاں واپس لوٹانے کے لیے اپنی کارروائیوں کو تیز کردیا ہے ۔اورنگی ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔جبکہ ایک مغوی بچے کو بازیاب کرالیا گیاہے ۔دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر بھی جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اورنگی ٹاوٴن کی فقیر کالونی میں مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کی تو ایک گھر میں موجود دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔

جس کے بعد رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دہشت گردوں نے رینجرز پر دستی بم بھی پھینکے، فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

رینجرز نے مفرور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے گرد و نواح میں بھی کارروائی شروع کردی اور کئی گھنٹوں کی کارروائی کے دوران مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے گزشتہ رات ایک گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر اورنگی ٹاون مومن آباد میں سرچ آپریشن کیا۔ اسی دوران ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ ایک نے خود کو دھماکہ سے اڑالیا۔سرچ آپریشن کے دوران رینجرز نے ایک مغوی بچے کو بھی بازیا ب کرالیا ۔ ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے رینجرز پر فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں ایک راہگیر توصیف جاں بحق ہوگیا ۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور یہ دہشت گرد اورنگی ٹاون ، مومن آباد اور اس کے اطراف سے اپنا نیٹ ورک چلا رہے تھے، اپنے آپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے دہشت گرد کسی خود کش حملے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے مزید 4 خودکش جیکٹیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :