الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے قائم کئے گئے پولنگ اسکیم جاری کردی

منگل 26 مئی 2015 16:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے قائم کئے گئے پولنگ اسکیم جاری کردی، کل 11ہزار154پولنگ اسٹیشنوں میں سے 4059حساس جبکہ 2859پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دے دیئے گئے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے، بعض پر فوج ،سول آرمڈ فورسز تعینات کی جا سکتی ہیں۔

منگل کو جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے 24اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے11154پولنگ اسٹیشن نوٹیفائی کئے گئے ہیں، پشاور ڈویژن کے3اضلاع پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں 2146پولنگ اسٹیشن ہوں گے جن میں 861حساس،945انتہائی حساس جبکہ 340کو نارمل قرار دیا گیا ہے، کوہاٹ ضلع کے 3اضلاع کو ہاٹ، کرک اور ہنگو میں 952 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 272حساس اور 131انتہائی حساس قرار دیئے گئے، بنوں ڈویژن کے 2اضلاع بنوں اور لکی مروت کے 844پولنگ اسٹیشنوں میں 376حساس اور 209 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں، ہزارہ ڈوین کے 8 اضلاع ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹ گرام اور تورگھر کے 2186پولنگ اسٹیشنوں میں سے 894حساس اور 350انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مالاکنڈ ڈویژن کے 7اضلاع میں قائم 2490پولنگ اسٹیشنوں میں سے 698حساس اور 404 انتہائی حساس قرار، جبکہ مردان ڈویژن کے 2اضلاع مردان اور صوابی کے 1709پولنگ اسٹیشنوں میں سے 696حساس اور 456 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔