وفاقی کابینہ نے بجٹ اسٹریٹیجی پیپر 2015-16ء کی منظوری دے دی

منگل 26 مئی 2015 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) وفاقی کابینہ نے بجٹ اسٹریٹیجی پیپر سال 2015-16ء کی منظوری دے دی،وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ معیشت کو مزید مضبوط بنانے کیلئے انقلابی فیصلے کرنا ہوں گے، آمدن میں اضافے کیلئے ٹیکس کی شرح میں کمی لانا چاہتے ہیں،ٹیکس کی شرح میں کمی لوگوں کو از خود ٹیکس دینے کی جانب راغب کرے گی۔منگل کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں بجٹ اسٹریٹیجی پیپر پیش کیا گیا۔وزارت خزانہ کی طرف سے بجٹ تخمینے اور آئندہ سال وصولی کے اہداف سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ سیکرٹری وزارت خزانہ نے وفاقی کابینہ کو بجٹ اسٹریٹیجی پیپر آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف، اخراجات اور محصولات پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کی طرف سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ بجٹ کے حجم کا تخمینہ 45کھرب روپے رکھا گیا ہے، پی ایس ڈی پی کیلئے 580 ارب ، دفاعی بجٹ کیلئے 770ارب، وفاقی وزارتوں اور دیگر وفاقی اخراجات کیلئے 310 ارب روپے کا تخمینہ رکھا گیا ہے، آئندہ سال براہ راست ٹیکس وصولیوں کا ہدف 3100ارب رکھا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رواں مالی سال 2014-15ء کی معاشی کارکردگی کی رپورٹ پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے فنانس ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :