افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی کی وزیراعظم کے قومی سلامتی و خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کے مور پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 26 مئی 2015 16:01

اسلام آباد ۔ 26 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے وزیراعظم کے قومی سلامتی و خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز سے منگل کو یہاں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کے مور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خارجہ نے افغان نائب وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان کے افغانستان کے ساتھ جامع اور پائیدار شراکت داری کے عزم کو دوہرایا۔

انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے دوطرفہ تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں اطراف تمام شعبوں میں جامع تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا حالیہ دورہ کابل امن و استحکام، انسداد دہشت گردی، سرحدی سلامتی، تجارت و اقتصادی تعلقات اور علاقائی تعاون سمیت مختلف ایشوز پر دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہرٹ آف ایشیا استنبول پراسیس کی اہمیت کا بھی ذکر کیا جس کا وزارتی اجلاس رواں سال پاکستان میں ہوگا۔ افغان نائب وزیر خارجہ نے افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین قریبی تعاون کے حالیہ مرحلے پر اطمینان کا اظہار کیا اور افغانستان کی ترقی کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔