آئندہ مالی سال میں معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہوگا،پلاننگ کمیشن

منگل 26 مئی 2015 15:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء)پلاننگ کمیشن کے مطابق آئندہ مالی سال میں معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہوگا،جبکہ سالانہ منصوبے میں اقتصادی ترقی کا ہدف پانچ اشاریہ پانچ فیصد مقررکرنے کی تجویزدی گئی ہے۔آئندہ مالی سال کے سالانہ منصوبے کی کاپی ابتک نیوز نے حاصل کرلی ہے۔ جس کے مطابق برآمدات کا ہدف پچیس عشاریہ پچاس ارب ڈالر اورتجارتی خسارہ سترہ ارب ڈالر تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف تین عشاریہ نو فیصد اورلائیوسٹاک کی ترقی کا ہدف چار عشاریہ ایک فیصد مقررکرنے کی تجویزدی گئی ہے۔ ماہی گیری کی ترقی کا ہدف تین فیصد اورصنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف چھ عشاریہ چار فیصد کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔ سالانہ منصوبے کی دستاویز کے مطابق معدنیات کی ترقی کا ہدف چھ فیصد، مینوفیکچرنگ سیکٹر کی ترقی کا ہدف چھ عشاریہ ایک فیصد مقرر کیاگیاہے۔اجلاس میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلئے پانچ سو اسی ارب روپے کی تجویز دی گئی ہے۔