وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2015.16کے دوران آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں مالی ضروریات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرا ئی ہے ‘ملک کے دیگر علاقوں کی طرح آزادکشمیرمیں بھی جاری ترقیاتی عمل کو جاری رکھنے کیلئے مالی وسائل فراہم کیے جائیں گے

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال کی ملاقات میں بات چیت

منگل 26 مئی 2015 14:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2015.16کے دوران آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں مالی ضروریات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے اور کہاہے کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح آزادکشمیرمیں بھی جاری ترقیاتی عمل کو جاری رکھنے کے لیے مالی وسائل فراہم کیے جائیں گے ۔منگل کے روز وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال کے درمیان وفاقی وزارت میں ملاقات ہوئی اس موقع پر وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر میں پوری رفتار سے ترقیاتی عمل جاری رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 25ارب روپے کیا جائے تاکہ جاری منصوبے مکمل ہوں اور نئے منصوبے شروع کیے جاسکیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں بین الاقوامی امداد کے ذریعے چلنے والے منصوبوں کے لیے فنڈز میں اضافہ ،پی ایس ڈی پی میں اضافہ ،ایرا کے تحت زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے فنڈز میں اضافہ ،فیڈرل پی ایس ڈی پی میں پونچھ میڈیکل کالج کے لیے فنڈز مختص کرنے ،منگلا ڈیم ریزنگ منصوبے کے تحت اضافی کنبہ جات کی بحالی کے منصوبے کو دوبارہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے ،وفاقی خصوصی ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز کی آزادکشمیر کو بھی فراہمی ،وزیراعظم پاکستان کی طرف سے آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات پرعملدرآمد اور آزادکشمیر کی بڑی سڑکوں کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے انتظام میں دینے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔