اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت، وفاقی کابینہ نے بجٹ کی منظوری دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 مئی 2015 13:45

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 26 مئی 2015 ء) : وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلا س ہوا، اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی، وزیر اعظم نواز شریف نے وزارت خزانہ اور تجارت کو برآمدات بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ دو سال میں معاشی بہتری پر بھی اظہار اطمینان کیا، اجلاس میں سیکرٹری وزارت داخلہ نے کابینہ کو بجٹ اسٹرریٹجی پر بریفنگ دی اور کابینہ کو آئندہ بجٹ اور تخمینہ جات پر اعتماد میں بھی لیا، وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو معاشی استحکام کا فائدہ پہنچنا چاہئیے جبکہ عوام کو آئندہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی بھی ہدایات کر دیں.

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے مزید انقلابی اقدامات کرنا ہوں گے ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے دن رات کام کرنا ہو گا. وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ محصول کی شرح کم ہونے کے باعث عوام بخوشی ٹیکس ادا کریں گے تاہم وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کے بجٹ دستاویزات کی منظوری دے دی، ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے 2016-2015 کے بجٹ سٹریٹجی پیپر کی منظوری دے دی. جبکہ کابینہ کا کہنا تھا کہ موجودہ میگا پراجیکٹس کے اثرات آئندہ پانچ سالوں میں ظاہر ہو ں گے.