ڈسکہ میں 2وکلاء کی ہلاکت کے واقعہ کے خلاف جھنگ میں وکلاء کی مکمل احتجاجی ہڑتال

منگل 26 مئی 2015 13:42

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء)ڈسکہ تحصیل بار کے صدر رانا خالد عباس اور عرفان چوہان ایڈووکیٹس سمیت 2وکلاء کی ہلاکت کے واقعہ کے خلاف منگل کے روزجھنگ میں وکلاء نے مکمل احتجاجی ہڑتال کی اور کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہواجبکہ اس موقع پر تعزیتی اجلاسوں کے دوران واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے پولیس کلچرکی تبدیلی کیلئے فوری اقدامات سمیت قاتلوں کے خلاف انسداددہشت گردی کورٹ میں مقدمہ چلانے اور مقتول وکلاء کے اہلخانہ کیلئے مناسب مالی معاونت کابھی مطالبہ کیاگیا۔

پاکستان بار کونسل ، پنجاب بار کونسل ، سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن ، ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن اور ڈویژنل بار ایسوسی ایشن سمیت تمام ڈسٹرکٹ بارز اور تحصیل بارز ایسوسی ایشنز کی اپیل پر پیر کے روزڈسکہ میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2سینئر وکلاء کے جاں بحق ہونے پر ہڑتال کی گئی اور عدالتی کاروائی کابائیکاٹ کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تمام شہروں میں بار ایسوسی ایشنز کے زیر اہتمام احتجاجی جلوس نکالے گئے اور ریلیوں کاانعقاد کیاگیا۔ مذکورہ جلوسوں میں وکلاء کے علاوہ سو ل سوسائٹی کے دیگر مکاتب فکر کے افراد بھی بڑی تعداد میں شریک تھے ۔ ریلیاں ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشنز کے ضلع کچہریوں میں واقع دفاتر سے شروع ہو کر شہر وں کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی واپس بار رومز پہنچ کر اختتام پذیر ہوئیں جہاں احتجاجی جلسے بھی منعقد کئے گئے۔

جلوسوں کے شرکاء نے بینرز ، پلے کارڈز ، ہورڈنگز اور فلیکس اٹھا رکھے تھے جن میں پولیس گردی کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔ اس دوران ریلیوں و جلوسوں کے شرکاء زبردست نعرے بازی بھی کرتے رہے تاہم وکلاء تنظیموں کے عہدیداران کی اپیل کے باعث سخت اشتعال میں ہونے کے باوجود وکلاء نے کسی بھی جگہ پر قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے گریز کیامگر اس کے باوجود سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

وکلاء رہنماؤں نے کہاکہ اس المناک سانحہ نے پولیس کلچر کی تبدیلی کے دعووٴں کی قلعی کھول دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جہاں وکلاء کی جان و مال محفوظ نہیں وہاں عام شہریوں کے ساتھ کیا سلوک ہوتاہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اگر فوری طور پر ملزمان کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرکے چالان انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش نہ کیاگیا تو وکلاء برادری کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔