وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک عوامی خدمت نہیں ڈانس کرنا جانتے ہیں، امیر حیدر خان ہوتی

منگل 26 مئی 2015 13:42

نوشہرہ/حضرو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) سابق وزیر اعلیٰ خیبر پی کے و صوبائی صدر اے این پی امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک عوامی خدمت نہیں ڈانس کرنا جانتے ہیں، وہ خیبر پختونخوا کی بجائے بنی گالہ میں موجود ہیں، ہمارے دور میں پختونخوا میں 10یونیورسٹیاں ، 40کالجز، انڈر پاسز ، ہسپتال قائم کئے مگر موجودہ وزیر اعلیٰ اپنے انتخابی حلقہ میں بھی ترقیاتی کام نہ کرا سکے، خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن جیتنے کیلئے پی ٹی آئی حکومت فنڈز سمیت تمام وسائل استعمال میں لا رہی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، بلدیاتی الیکشن کے نتائج 10روز بعد جاری کرنے کی حکمت عملی کو تمام اپوزیشن جماعتوں نے رد کر دیا ہے، عوام ووٹ لیکر انہیں نظر انداز کرنے اور پختونوں کا سودا کرنے والوں کو بلدیاتی الیکشن میں اٹک پل سے نیچے دریائے سندھ میں پھینک کر 30مئی کو اے این پی اور جے یو آئی کے متفقہ امیدواروں کو کامیاب بنائیں، یو سی خیر آبادتحصیل جہانگیرہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں یہاں پر کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے، ملک زاہد خان، ملک شیر بہادر خان ، ظاہر خان خٹک اور کچکو ل خان میرے بھائی ہیں عوام ایک ہاتھ میں باچا خان کے نظریئے اور لال جھنڈے کو جبکہ دوسرے ہاتھ میں ہمارے انتخابی نشان لالٹین کو تھام لیں تو انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا ، ان خیالات کا اظہارانہوں نے جہانگیرہ کی یونین کونسل خیر آباد میں امیدوارضلع کونسل ملک زاہد خان، امیدوار تحصیل کونسل ظاہر خان خٹک، امیدوار جنرل کونسلر دیہی کونسل کچکول خان خٹک کے بہت بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر سابق ایم این اے مسعود عباس خٹک، ایم پی اے خلیل عباس خٹک، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما ڈاکٹر مفتی شوکت الله خٹک، سینئر صحافی نثار علی خان، خالد محمود جلالیہ سمیت ممتاز علماء کرام، اے این پی اور جے یو آئی کے ضلعی رہنما بھی موجود تھے، امیر حیدر خان ہوتی نے مزید کہا کہ مشرف دور میں موجودہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بطور ضلع ناظم نوشہرہ کالا باغ ڈیم بنانے کی حمایت کرکے پختونوں کا سودا کیا تھا جس پر اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کی سربراہی میں دیگر جماعتوں کے قائدین نے صدر مشرف کے سامنے احتجاج کیا تھا ، اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی رہنما ڈاکٹر مفتی شوکت الله نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن اور اے این پی کے قائدین اسفند یار ولی، امیر حیدر خان ہوتی مل کر پختونوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اس لئے عوام ملک زاہد خان ، ظاہر خان خٹک اور کچکو ل خان سمیت تمام متفقہ امیدواروں کو کامیاب بنائیں، امیدوار ضلع کونسل ملک زاہد خان اور امیدوار تحصیل کونسل ملک ظاہر خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دی، ماضی کی طرح آئندہ بھی منتخب ہو کر بلا تفریق و بلا امتیاز عوام کی بے لوث خدمت کا مشن جاری رکھیں گے، 30مئی کو ہمارے انتخابی نشان لالٹین اور امیدوار جنرل کونسلر کچکول خان کے پریشر ککرپر مہر لگاکر مفاد پرست ٹولہ کو رد کر دیں۔