پاکستانی آم کی پہلی کھیپ دبئی کی مارکیٹ میں پہنچ گئی، معیار بہتر ہونے سے پاکستانی آم دبئی کی منڈی میں تاریخ کی سب سے بلند قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے ، وحید احمد

پیر 25 مئی 2015 20:23

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) پاکستانی آم کی پہلی کھیپ دبئی کی مارکیٹ میں پہنچ گئی۔ لکڑی کی پیٹیوں پر پابندی کی وجہ سے پہلی مرتبہ تمام کنسائمنٹ گتے کے کارٹن پر مشتمل ہے جس میں معیار بہتر ہونے کی وجہ سے پاکستانی آم دبئی کی منڈی میں تاریخ کی سب سے بلند قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ دبئی کی ہول سیل مارکیٹ میں عالمی معیار کی پیکنگ کی وجہ سے پاکستانی آم کو ہاتھوں ہاتھ لیا جا رہا ہے جبکہ ریٹیل کی سطح پر بھی پاکستانی آم کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی آم کی سات کلو گرام وزن کا باکس 28 سے 29 درہم میں فروخت ہو رہا ہے۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ وحید احمد کے مطابق پاکستانی آم کو دبئی کی منڈی میں سیزن کے آغاز پر یہ قیمت پہلے کبھی نہیں ملی اس سال اضافی قیمت ملنے کی بنیادی وجہ پاکستانی آم کی عالمی معیار کی پیکنگ ہے۔ 20 مئی سے ایکسپورٹ کے آغاز سے اب تک پاکستان سے 1900 ٹن آم برآمد کیا گیا ہے جس میں سے 900 ٹن آم متحدہ عرب امارات کو برآمد کیا گیا۔