کوہاٹ میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پردفعہ 144 نافذ‘سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

پیر 25 مئی 2015 14:09

کوہاٹ۔25 مئی ((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) )کوہاٹ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے اور حفاظتی انتظامات کوفول پروف بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذکر دی گئی ہے۔پولنگ کے دن تک تمام سرکاری انتظامی محکموں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے لیڈی ہیلتھ ورکرز، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور محکمہ جنگلات کے اہلکاربھی ڈیوٹی پر متعین کئے گئے ہیں۔

30 مئی کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کامران احمد آفریدی نے ضلع بھر میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت ایک ماہ کیلئے ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش، 29 اور 30 مئی کو پولنگ کے روزموٹر سائیکل کی ڈبل سواری، شر انگیز مواد کی اشاعت اور تشہیر و تقسیم،منافرت پھلانے والی وال چاکنگ ،لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال،پٹرولیم مصنوعات کے کھلے فروخت اور مقامی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر جلسو ں وجلوس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں بلدیاتی انتخابات کے پر امن،شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ تمام انتظامی محکموں کے اہلکاروں کی ہر قسم کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے مربوط سیکیورٹی پلان کے تحت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،محکمہ جنگلات اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی پولنگ سٹیشنوں پر امن وامان برقرار رکھنے کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔مزید برآں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی ناکہ بندیاں قائم کر کے تلاشی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے اور مشکو ک افراد کی نگرانی کی خاطر شہر میں واقع ہوٹلوں و سرایوں ،رہائشی پلازوں اور کرایہ کے گھروں میں رہائش پزیر غیر مقامی باشندوں کے کوائف کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔