مالی سکینڈل، ای او بی آئی کے سابق چیئرمین ظفر اقبال گوندل کی منسوخی ضمانت درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

پیر 25 مئی 2015 13:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کروڑوں روپے کے مالی سکینڈل میں ملوث ای او بی آئی کے سابق چیئرمین ظفر اقبال گوندل کی منسوخی ضمانت کے لئے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا۔ پیر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ محمد انور خان کاسی نے ایف آئی اے اور ای او بی آئی کی جانب سے منسوخی ضمانت کے دائر درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ ارشد کیانی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزم ظفر اقبال گوندل سمیت تمام فریقین کو طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ ظفر اقبال گوندل کے خلاف ایف آئی اے اور قومی احتساب بیورو نے کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی تھی۔ یاد رہے کہ ظفر اقبال گوندل کو سپریم کورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جس پر ظفر اقبال گوندل نے ایف آئی اے کے خلاف جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی عدالت میں کیس بھی دائر کیا ہے۔