کراچی‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کیلئے زمین تنگ کردی

پیر 25 مئی 2015 13:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء)کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کیلئے زمین تنگ کردی ، مقابلے کے دوران تین دہشت گرد ہلاک اور گینگ وار کارندوں سمیت 9 گرفتار جبکہ 32 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور آوان بم سمیت اسلحہ برآمدکرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قانون نافذکرنے والے اداروں نے پیرکی علی الصبح سرجانی ٹاؤن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارکارروائی کی،دہشت گردوں نے قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو دیکھ پر ان پر فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ سے تین دہشت گردمارے گئے جبکہ مقابلے میں ایک دہشت گرد زخمی ہوگیا۔

رینجرزذرائع کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مقابلے میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

رینجرزحکام کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی تو دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔ جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد مارے گئے۔مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے 2 آوان گولے، کلاشنکوف، پستول، خودکش جیکٹ اور2 موٹرسائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گرد شہر میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ مرنے والے دہشت گردوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔لیاری میں رینجرز نے عزیر بلوچ کے کمانڈر ملا نثار کے گھر پر چھاپہ مار کر شہزاد عرف کالو کو گرفتار کرلیا جبکہ پولیس نے لیاری کے علاقے رانگیواڑہ میں آپریشن کے دوران گینگ وارکے 6ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیاہے ۔شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے منشیات فروش ندیم کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی ہے جبکہ شاہ فیصل کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران 32 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاہے ۔ سائٹ ایریا میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا ۔