امیر جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن سے تحریری معافی مانگ لی

پیر 25 مئی 2015 11:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن سے تحریری معافی مانگ لی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیر کو الیکشن کمیشن نے درخواست پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو طلب کررکھا تھا ان کے خلاف درخواست تھی کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے مردان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جس پر پیر کو سراج الحق کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور امیر جماعت اسلامی کی طرف سے تحریری موقف اور معافی نامہ کمیشن میں پیش کردیا اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں تیس مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کا شیڈول اور ضابطہ جاری کیا تھا جس کے بعد کوئی بھی سیاسی رہنما کے انتخابی مہم چلانے پر پابندی تھی تاہم سراج الحق نے گزشتہ دنوں مردان میں جلسے سے خطاب کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے سراج الحق کی طرف سے تحریری معافی پر درخواست نمٹا دی۔